حکومت سے کامیاب مذاکرات، پیٹرول پمپ مالکان نے ملک گیر ہڑتال مؤخر کر دی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ) پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد کل ہونے والی ملک گیر ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ، پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرول ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد احتجاج اور ہڑتال کی کال فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ندیم خان نے بتایا کہ حکومتی نمائندوں نے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول پمپ مالکان کے کمیشن کا معاملہ حل کر لیا جائے گا، جبکہ یومیہ قیمتوں کے تعین کے نظام کو بھی دو ہفتوں کے لیے آزمائشی بنیادوں (ٹرائل بیسز) پر چلایا جائے گا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کے مسائل دو ہفتوں کے اندر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر اس مدت میں تمام مسائل حل نہ ہو سکے تو دوبارہ مذاکرات کے ذریعے قابلِ قبول حل تلاش کیا جائے گا .

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت ناجائز منافع خوری کا تاثر نہیں دینا چاہتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے پر ان کا اثر مقامی مارکیٹ میں منتقل کیا جاتا ہے، اسی طرح قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی جلد از جلد شفاف انداز میں عوام تک پہنچایا جائے گا ، مذاکرات کے نتیجے میں ہڑتال مؤخر ہونے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔