الیکشن کمیشن پاکستان نے عمران خان کی قومی اسمبلی کے 7 حلقوں میں کامیابی کانوٹیفیکیشن جاری کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے ضمنی انتخاب کےدوران قومی اسمبلی کے 7 حلقوں میں عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی، 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے، ان 8 حلقوں میں سے 6 میں عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی، بعد ازاں انہوں نے قومی اسمبلی کے ایک اور حلقے میں فتح اپنے نام کی تھی لیکن انہوں نے الیکشن اخراجات کی تفصیلات مقررہ وقت میں جمع نہیں کرائی تھے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا تھا۔
عمران خان نے این اے 22، این اے 24، این اے 31، این اے 108 کے الیکشن کے دوران کیے گئے اخراجات کی تفصیل جمع نہیں کروائی تھی۔اس کے علاوہ انہوں نے این اے 118، این اے 239 اور این اے 45 کے الیکشن کے دوران کیے گئے اخراجات کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن کو فراہم نہیں کی تھیں جس کی وجہ سے ان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روک لیا گیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے گزشتہ سال 20 دسمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ آج جاری کیا۔اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے تاخیرسے جمع کرائے انتخابی اخراجات کو منظور کرتے ہوئے تاخیر سے صرف نظر کرنے اور کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی تحریک انصاف کی استدعا منظورکرلی۔الیکشن کمیشن نے نوٹ کیا کہ سابق وزیر اعظم نے کمیشن کو تمام مطلوبہ تفصیلات فراہم کر دی ہیں، اس لیے ان کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔