Ministry Of railways Capitalnewspoint.com

پاکستان ریلوے میں 90 کروڑ کی مبینہ مالی بے ضابطگیاں، سکریپ فروخت میں 5 فیصد کمیشن کا الزام

اسلام آباد(احسان بخاری )پاکستان ریلوے میں سکریپ کی فروخت کے دوران مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، ہوا ہے ، سکریپ کی فروخت کے معاملات میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، سیلز ٹیکس کی عدم وصولی اور کمیشن کے الزامات سامنے آگئے .

شکایت کنندہ محمد اجمل نے ریلوے لاہورکے چیف کنٹرولر پرچیز اینڈ سٹورز ریاض حسین زرداری کے خلاف وفاقی وزیر ریلوے اور سیکرٹری ریلوے کو درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سکریپ کی فروخت کے دوران مبینہ طور پر پانچ فیصد کمیشن وصول کیا گیا، جبکہ جنرل سیلز ٹیکس کی 18 فیصد شرح کے حوالے سے بھی سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

معاملے میں قومی خزانے کو تقریباً 90 کروڑ روپے نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ، چیئرمین ریلوے، سیکرٹری ریلوے اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ ریلوے کو ارسال کردہ درخواست میں پاکستان ریلوے کے سکریپ کی فروخت کے عمل میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق سکریپ کی فروخت کے معاملات میں مبینہ طور پر پانچ فیصد کمیشن وصول کیے جانے اور دیگر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، شکایت میں تقریباً 90 کروڑ روپے کی رقم اور جنرل سیلز ٹیکس کی 18 فیصد شرح کے حوالے سے بھی ا الزامات عائد کیے ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین نہ ہونے کی صورت میں قومی خزانے کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض معاملات میں قواعد و ضوابط کو نظرانداز کرتے ہوئے مخصوص افراد کو فائدہ پہنچایا گیا,شکایت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے، سکریپ کی فروخت کا مکمل ریکارڈ، ٹینڈرز، ادائیگیوں اور ٹیکس کی وصولی کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور اگر کسی افسر یا اہلکار کی غفلت یا ملی بھگت ثابت ہو تو قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

درخواست گزار نے چیئرمین ریلوے، سیکرٹری ریلوے اور متعلقہ آڈٹ حکام سے اپیل کی ہے کہ قومی ادارے کے مالی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، اس حوالے سے اوصاف نے جب چیف کنٹرولر پرچیز اینڈ سٹورز ریاض حسین زرداری سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ میرا معاملہ نہیں ،آپ ایف بی آر سے رابطہ کریں ۔