مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے مریم نواز نے پارٹی صدارت سنبھالی تو فیصلہ کروں گا جماعت میں آگے چل سکتا ہوں یا نہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا مریم نواز نہ میری لیڈر ہیں، نہ اُن کا دعویٰ ہے کہ وہ پارٹی کی لیڈر ہیں۔
مریم نواز کے سینئر نائب صدر بننے پر پارٹی عہدہ چھوڑنے والے لیگی رہنما کا کہنا تھا مریم نواز نے پارٹی صدارت سنبھالی تو فیصلہ کروں گا مسلم لیگ ن میں آگے چل سکتا ہوں یا نہیں۔
آئندہ عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا مسلم لیگ ن کا ٹکٹ نہ ملا تو الیکشن ہی نہیں لڑوں گا جبکہ نئی پارٹی بنانے سے متعلق باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
دوسری جانب مریم نواز کہتی ہیں شاہد خاقان عباسی ان کے بڑے بھائی ہیں، وہ ناراض نہیں، ان کے پاس خود چل کر جاؤں گی، وہ ہمارے سینئر ہیں اور میں ان سے مشورے لیکر آگے بڑھوں گی۔