اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سینیٹری ورکرزکے عالمی دن کے موقع پر پاکستان ورکرزفیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام سنیٹری ورکرزکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پروگرام منعقدکیا گیا جس میں قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری اسدمحمود،سلیم بھٹی،طارق شریف،محمدالیاس طفیل،اے جے ہنس سمیت سینٹری ورکرزنے شرکت کی.
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری اسدمحمود،محمد الیاس طفیل و دیگرنے کہا کہ سینیٹری ورکرزکا آج قومی سطح پر عالمی دن منایا جارہا ہے جس میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاجاتا ہے،سنیٹری ورکرزبنیادی طور پرحقوق سے محروم ہیں اور آؤٹ سورسنگ کی وجہ سے ان کو بہت سارے مسائل کا سامناکرناپڑرہا ہے،سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ رنگ،نسل او رمذہب سے بالاترہو کر تمام ملازمین کی خدمت کی ہے اور اپنے تمام مسیحی ملازمین کو کرسمس و ایسٹرالاؤنس دلوانے سمیت انکی پروموشن کے لیے کوٹہ مختص کروایا او رمختلف الاؤنس دلوائے اور آئندہ بھی انکے باقی ماندہ مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروائیں گے۔