اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی سیاسی خدمات کو سراہا ہے۔شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی سیاست میں مفاہمت اور مصالحت کا نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ ملک کے مفاد کو پارٹی سے بالاتر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر بھارت کے خلاف پاکستان کا مؤقف بھرپور طریقے سے پیش کیا اور سفارتی محاذ پر پاکستان کی آواز بلند رکھی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے تنازعہ کشمیر، آبی حقوق اور دہشت گردی جیسے اہم معاملات کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے آبی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوششوں کو عالمی سطح پر غیر قانونی قرار دلوانے میں کامیابی حاصل کی۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صحت مند، باعافیت اور باعظمت زندگی عطا فرمائے۔

