اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن (MoITT) اور سندھ آئی ٹی کمپنی (SITC)، جو حکومتِ سندھ کا حصہ ہے، نے سندھ میں ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (DEEP) کے نفاذ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ وفاقی و صوبائی تعاون کا ایک فریم ورک قائم کرتا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل گورننس کو تیز کرنا، سروس ڈلیوری میں بہتری لانا اور ایک متحد قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم قائم کرنا ہے یہ معاہدہ وزارتِ آئی ٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری اور سندھ آئی ٹی کمپنی کے سی ای او نے دستخط کیا، جبکہ وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر نے کہا:“سندھ میں DEEP کا آغاز ہمارے ڈیجیٹل پاکستان کے مشترکہ وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ اقدام نہ صرف گورننس اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنائے گا بلکہ جدت اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ میں خصوصی سرمایہ کاری فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جن کا ڈیجیٹل نیشن وژن ہمیں ایک جڑا ہوا، جامع اور ٹیکنالوجی پر مبنی پاکستان بنانے میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔”

مفاہمتی یادداشت کے تحت، وزارتِ آئی ٹی سرپرست ادارے کے طور پر فنڈنگ، تکنیکی مہارت اور پالیسی سپورٹ فراہم کرے گی اور ملک بھر میں پروجیکٹ کے نفاذ کی نگرانی کرے گی۔ اہم اقدامات میں نیشنل ڈیجیٹل سروسز پورٹل، پاکستان ڈیجیٹل آئی ڈی، ڈیجیٹل والٹس، پاکستان بزنس پورٹل، اور نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر شامل ہیں سندھ آئی ٹی کمپنی مقامی سطح پر DEEP کے مختلف حصوں کو نافذ کرنے میں معاونت فراہم کرے گی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر ڈیٹا انٹیگریشن، انفراسٹرکچر سپورٹ اور صلاحیت سازی پر کام کرے گی۔ یہ اشتراک سندھ میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو ممکن بنائے گا اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز کو جدید گورننس ٹولز اپنانے کے قابل بنائے گا یہ تعاون پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ قومی و صوبائی کوششوں کو یکجا کر کے DEEP عوام کو مؤثر، شفاف اور شہری مرکوز ڈیجیٹل خدمات فراہم کرے گا جو سندھ کے عوام کے لیے طویل المدتی سماجی و معاشی فوائد لائیں گی.


