اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی) نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مفت کیمپس کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کیمپس پنجاب کے اضلاع چکوال، اٹک، گوجر خان اور ڈیرہ غازی خان جبکہ سندھ کے حیدرآباد، سانگھڑ اور گھوٹکی میں لگائے جائیں گے۔کیمپس میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ، تشخیصی ٹیسٹ، معائنے اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔پہلا مرحلہ 23 ستمبر سے 11 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد دو مزید فالو اپ راؤنڈز منعقد ہوں گے۔ او جی ڈی سی اس سے پہلے بھی صحت عامہ کے لیے کئی اقدامات کر چکا ہے، جن میں موبائل آئی آپریشن تھیٹر یونٹس، ملک بھر میں 35 مفت آئی سرجری کیمپس، اور کینسر اسپتال کے تعاون سے 45 فری میموگرافی کیمپس شامل ہیں۔ یہ تمام اقدامات او جی ڈی سی کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 3، یعنی ”صحت مند زندگی اور فلاحِ عامہ“کو یقینی بنائے۔

