اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت میری ٹائم امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بحری تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت کی تیاری کے لیے میری ٹائم یونیورسٹی کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قانونی تقاضوں سمیت تمام انتظامی و تکنیکی امور جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ یونیورسٹی قومی و عالمی معیار کے مطابق ہوگی اور یہ منصوبہ حکومت کے بحری ترقیاتی ایجنڈے کو نئی قوت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام نہ صرف پاکستان میں جدید بحری تعلیم و تربیت کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا بلکہ یہ بلیو اکانومی اور بحری شعبے کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا جنید انوار چوہدری نے اسے افرادی قوت کی ترقی کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم یونیورسٹی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جا رہی ہے اور یہ ملک میں میرین سائنس، نیویگیشن، شپنگ اور دیگر بحری علوم میں مہارت رکھنے والے ماہرین تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اجلاس میں مختلف متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور منصوبے کی مختلف جہتوں پر بریفنگ دی۔

