اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے ملاقات کی جس میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے رحجان ، دہشت گردی، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت معاشرے کے ہر فرد کی شمولیت، رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کےلئے متعدد اقدامات کیے گئےہیں،وفاق اور صوبائی قانون ساز اسمبلیوں میں اقلیتوں کےلئے نشستیں مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے اقلیت کا قیام، بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی برداشت کے فروغ کی پالیسی کی منظوری سے اقلیتوں کو عملی طور پر آزاد اور خودمختار بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویٹی کن سٹی اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا شاندار موقع ہے، دوطرفہ وفود کے تبادلوں سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ سفیر ویٹی کن سٹی نے کہا کہ کیتھولک چرچ کے زیر انتظام پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں اہم منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں کیتھولک چرچ کے زیر انتظام جدید علوم سے آراستہ یونیورسٹی کے قیام کی تجویز دی۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے سردار محمد یوسف کو ویٹی کن سٹی کے دورے کی دعوت بھی دی ۔

