وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے قریب دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر قومی وحدت اور استحکام کے دشمن ہیں اور ان کا مکمل خاتمہ قوم کے عزم اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی سے ممکن ہے۔

وزیر نے کہا کہ پوری قوم اپنے سکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے اور دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ محمد حنیف عباسی نے عوام سے تحمل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی۔