پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کا آغاز ڈیجیٹل سیکٹر روڈمیپ کی رونمائی، اور اے آئی ریپر مقابلہ 2025 کی ایوارڈز تقریب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام (MoITT), اور آگنائٹ, نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ, نے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے اشتراک سے پاکستان ڈیجیٹل سیکٹر روڈمیپ کی رونمائی کی, جو وزیرِ اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس موقع پر AI Wrapper Competition 2025 کے فاتحین کو بھی سراہا گیا, جو نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے عملی نفاذ کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔

دو روزہ سرگرمی کا آغاز نیشنل ورکشاپ آن اے آئی یوز کیس ڈیولپمنٹ سے ہوا, جہاں حکومت, تعلیمی اداروں, اور نجی شعبے کے ماہرین نے قومی ترجیحات, صحت, تعلیم, زراعت, فنانس, اور گورننس کے لیے مشترکہ طور پر اے آئی حل تیار کیے۔ ورکشاپ کے نتائج آنے والے نیشنل اے آئی انوویشن ہب (NAIIH) کی بنیاد رکھیں گے, جسے تحقیقی و تجارتی سرگرمیوں, انٹرپرینیورشپ, اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کی ترقی کے لیے قومی ماحولیاتی نظام کے طور پر تشکیل دیا جا رہا ہے ڈیجیٹل سیکٹر روڈمیپ کی رونمائی کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا:
“وزیرِ اعظم پاکستان کے وژن کے تحت یہ روڈمیپ ایک مربوط, مسابقتی, اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ پاکستان کی اسٹریٹیجک سمت کا تعین کرتا ہے۔ یہ ڈجیٹل نیشن پاکستان کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس میں ٹیکنالوجی شمولیتی ترقی, شفافیت, اور انوویشن کا محرک بنتی ہے۔”

یہ روڈمیپ 2035 تک ایک بااختیار, منسلک, اور جامع ڈیجیٹل پاکستان کا دس سالہ وژن پیش کرتا ہے, جو چار ستونوں پر مشتمل ہے: ڈیجیٹل انفراسٹرکچر, ڈیجیٹل اکانومی, ڈیجیٹل گورننس, اور ڈیجیٹل سوسائٹی, جو اڑان پاکستان 2024–2029, اور ڈجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 سے منسلک ہیں AI Wrapper Competition 2025 کے تحت, جو ڈیجیٹل پاکستان اقدام کا حصہ ہے, پاکستان کی ابھرتی ہوئی اے آئی صلاحیتوں کو نمایاں کیا گیا۔ 106 شہروں سے 1,700 سے زائد ٹیموں, جن میں 33 فیصد خواتین شامل تھیں, نے پانچ موضوعاتی شعبوں, ایڈٹیک, ہیلتھ ٹیک, کلائمیٹ/ایگری ٹیک, گو ٹیک, اور فن ٹیک میں حصہ لیا۔ فاتحین کو 87 لاکھ روپے کی مجموعی انعامی رقم سے نوازا گیا, جنہوں نے قومی چیلنجز کے حل کے لیے اے آئی پر مبنی حل تیار کیے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن نے AI Wrapper Competition 2025 کے تمام فاتحین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا:“اے آئی ریپر مقابلہ 2025 نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کی اس روح کی عملی تصویر ہے جو نوجوانوں اور انٹرپرینیورز کو پاکستان کی ترقی کے لیے ذمہ دارانہ اور تخلیقی انداز میں اے آئی استعمال کرنے کا اختیار دیتی ہے۔”

آگنائٹ کے سی ای او رفیق اے. بریرو نے کہا:“اے آئی ریپر مقابلہ, اور نیشنل اے آئی انوویشن ہب جیسے اقدامات کے ذریعے ہم ایسا ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں جو پالیسی کو حقیقی اثر میں بدل دے, جہاں اسٹارٹ اپس, محققین, اور حکومت باہمی تعاون سے حقیقی دنیا کے اے آئی اطلاقی حل تیار کر سکیں۔”

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر, ڈیجیٹل سیکٹر آفس, ڈاکٹر انتونیو گارسیا زبالوس نے کہا:“پاکستان کا ڈیجیٹل سیکٹر روڈمیپ ایک جامع, شمولیتی, مستحکم, اور جدت پر مبنی ترقی کی واضح سمت فراہم کرتا ہے۔ اے ڈی بی پاکستان کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر, ڈیجیٹل اکانومی, ڈیجیٹل گورننس, اور ڈیجیٹل سوسائٹی کو مضبوط بنانے میں سپورٹ کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔”

وزارت نے نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے نفاذ, نیشنل اے آئی انوویشن ہب (NAIIH) کے قیام, اور ایسی شراکت داریوں کے فروغ پر اپنے عزم کا اعادہ کیا جو پاکستان کو نالج بیسڈ, جدت پر مبنی معیشت کی جانب تیزی سے گامزن کریں گی.