اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ڈیجیٹل انفارمیشن، شزا فاطمہ خواجہ نے WTDC کے سائیڈ لائنز پر انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (ITU) کی سیکرٹری جنرل دورین بوگڈن مارٹن سے ملاقات کی۔ وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے کا اسٹریٹجک ڈیجیٹل مرکز ہے اور آئی ٹی یو آفس کے قیام کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ملاقات میں وفاقی وزیر نے اسمارٹ ولیج پاکستان پروگرام کی کامیابیوں کو آئی ٹی یو کے ساتھ مشترکہ سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے اسمارٹ ولیج ماڈل کو ملک بھر میں توسیع دینے کے لیے آئی ٹی یو سے ملٹی ایئر سپورٹ کی تجویز پیش کی اور کہا کہ ای-ہیلتھ، ایجوکیشن اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس ماڈل کا پھیلاؤ ناگزیر ہے۔

مزید برآں، شزا فاطمہ خواجہ کی ایران کے وزیرِ مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، جناب ستار ہاشمی، سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صدارتی دورے کے دوران دستخط شدہ آئی ٹی و ٹیلی کام ایم او یو پر پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے جوائنٹ ورکنگ گروپ اور بزنس فورم کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستان–ایران فائبر آپٹک کنیکٹیویٹی کو فعال کرنے کے لیے فوری تکنیکی رابطے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ARB 24 کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں حقیقی شمولیت تب ہی بڑھے گی جب ہر ملک اور ہر کمیونٹی کی نمائندگی ضروری سمجھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔


