این ڈی ایم اے کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں خطرے سے دوچار افراد کے لئے خصوصی اقدامات میں اضافہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے اپنے شعبہ میں خطرے سے دوچار افراد کے لئے خصوصی اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔این ڈی ایم اے نے مختلف اقسام کی معذوری سے دوچار افراد اور بزرگوں کیلئے مددگارارلی وارننگ سسٹم متعارف کرا دیاہے۔بدھ کو این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں ترجیحی اقدامات کی شمولیت کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وفاقی و صوبائی حکام، فلاحی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خطرے سے دوچار مخصوص اکائیوں کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں ترجیحی اقدامات پر زوردیا۔

این ڈی ایم اے نے مختلف اقسام کی معذوری سے دوچار افراد اور بزرگوں کیلئے مددگارارلی وارننگ سسٹم متعارف کرایا۔اس سسٹم کی مدد سے اشاروں کی زبان، آڈیو، وڈیو اور آسان فہم الرٹس کے ذریعے آگاہی یقینی بنائی جائے گی۔ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے این ڈی ایم اے کو یونیسف، یو این ویمن اور اے ڈی بی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔تقریب میں این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، ڈی ڈی ایم ایزاور سول سوسائٹی نے نفاذ کے اگلے مراحل پر مشاورت کی۔این ڈی ایم اے خطرے سے دوچار افراد بالخصوص معذور افراد، بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے ۔این ڈی ایم اے آفات کے خطرات، آگاہی اور تیاری کے لئے پیشگی اقدامات اور عوام کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔