اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نمل یونیورسٹی میں عسکری بینک کی نئی برانچ کاافتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ، عسکری بینک کے اعلیٰ حکام، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔گورنر آفس اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمل یونیورسٹی میں بینک برانچ کا قیام طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لیے ایک بڑی سہولت ہے جس سے نہ صرف مالیاتی خدمات تک فوری رسائی ممکن ہوگی بلکہ یونیورسٹی کے معاشی ڈھانچے کو بھی مزید مضبوطی ملے گی۔
انہوں نے عسکری بینک کی تعلیمی اداروں میں سروسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی شراکت داری نوجوانوں کو مالیاتی نظم و نسق اور جدید بینکنگ سے قریب لاتی ہے۔عسکری بینک انتظامیہ نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ترین ڈیجیٹل اور مالی خدمات فراہم کی جائیں گی۔گورنر نے بینک عملے اور یونیورسٹی حکام کے ساتھ برانچ کا معائنہ بھی کیا۔

