کراچی میں انٹرنیشنل قراءت مقابلہ 2025 کے فاتحین کے اعزاز میں استقبالیہ

کراچی(سٹاف رپورٹر) تقریب محکمہ اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر سندھ کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزارتِ مذہبی امور اسلام آباد کے جوائنٹ سیکریٹری احمد ندیم خان، سیکریٹری اوقاف سندھ محمد مُرید راہیموں اور ڈی جی ریسرچ اینڈ ریفرنس مذہبی امور اسلام آباد حافظ عبد القدوس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب انٹرنیشنل قراءت کمپٹیشن 2025 کے فاتح قراء کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی، جنہیں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ممتاز قراء نے تلاوتِ قرآنِ پاک پیش کی، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔

اپنے خطاب میں وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور قراء کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مہمانوں میں عزازی شیلڈز سے نوازا۔ جوائنٹ سیکریٹری احمد ندیم خان نے سندھ حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ عالمی سطح پر یہ مقابلہ کامیابی سے منعقد کیا، اور وزارت مستقبل میں بھی اس کے تسلسل کے لیے پُرعزم ہے