اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی و عالمی امن اور بقائے باہمی کا خواہاں ہے،1971ء میں پاک بحریہ کے افسران نے اپنی جرات، دلیری اور بہادری سے آبی سرحدوں کی حفاظت کو قومی تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر کردیا۔
منگل کو پاک بحریہ کے یادگار “ہنگور ڈے” 9 دسمبر 2025 ء پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 9 دسمبر 1971ء کو پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے اپنے افسران اور عملے کی قیادت میں بے مثال کارکردگی سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا،پاکستانی قوم کو پاک بحریہ کے افسران اور عملے اور ہنگور آبدوز جیسے بیش قدر اثاثوں پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ تاریخ میں بزدل دشمن کے چھپے ہوئے وار کو مکمل بے باک اور بے مثل کارکردگی سے ناکام بنا کر اپنے ملک کی عزت و تکریم میں اضافہ کیا ہے، پاکستان ہمیشہ سے علاقائی اور بین الاقوامی امن اور بقائے باہمی کا خواہاں ہے اور اس کے ساتھ دفاع وطن کو مضبوط، مستحکم اور محفوظ رکھنے کا غیر متزلزل عزم رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر کا دن دشمن کی یاد دہانی کے لیے کافی ہے کہ پاکستان کی آبی سرحدیں آہنی ہاتھوں میں ہیں۔

