سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، اس واقعے نے قوم کو غم اور دکھ میں مبتلا کر دیا.چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اے پی ایس کے شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی، 16 دسمبر 2014ء پاکستان کی تاریخ کا نہایت دردناک اور آزمائش کا دن تھا جس نے پوری قوم کو غم اور دکھ میں مبتلا کر دیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پیغام کے مطابق چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے معصوم طلبہ اور اساتذہ نے علم، امن اور انسانیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ہمیشہ عزت و عقیدت سے یاد رکھی جائیں گی۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کو مزید مضبوط کیا اور اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابی کے لیے قومی یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دشمن عناصر کے ناپاک عزائم قوم کے پختہ عزم کے سامنے مسلسل ناکام ہو رہے ہیں، دہشتگرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں، دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے جس کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے، دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعلیم، برداشت، رواداری اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اے پی ایس کے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ا ن کا کہنا تھا کہ اے پی ایس کے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور قوم انہیں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔