سپریم کورٹ آف پاکستان نے منشیات کیس میں جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹریزا کی بریت کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
عدالتِ عظمیٰ نے ہیروئن اسمگلنگ کیس میں کسٹمز کی اپیل ابتدائی سماعت کے بعد خارج کردی ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کا ملزمہ کی بریت کا فیصلہ درست ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے وکیل کسٹمز سے سوال کیا کہ کیا ہیروئن سیمپل قانون کے مطابق لیب بھیجے گئے تھے؟
وکیل کسٹمز نے جواب دیا کہ ٹرائل کورٹ نے سیمپلز کی ترسیل درست قرار دی تھی، ٹریزا کو 23 اپریل کو چیک ری پبلک واپس جانا ہے۔
وکیل کسٹمز نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ماڈل ٹریزا کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے، جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کیس بنتا ہوگا تو ہی نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کریں گے۔
یاد رہے کہ جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹریزا کو 2019 میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتارکیا گیا تھا۔