اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع لکی مروت میں فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں پر گہرا افسوس ظاہر کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق، وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔
اسی طرح صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت اور بنوں میں ہونے والے فائرنگ کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق، صدر نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور پسماندگان کے لیے صبر و تحمل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابل فخر ہیں۔

