یونیورسل سروس فنڈ اور جاز کے درمیان 1.16 ارب روپے مالیت کے معاہدوں پر دستخط،

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )ملک بھر میں ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ کی جانب ایک بڑے اقدام کے تحت یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے بدھ کے روز جاز کے ساتھ 1.16 ارب روپے مالیت کے معاہدوں پر دستخط کئے جن کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے 9 اضلاع میں تیز رفتار براڈبینڈ سروس فراہم کی جائے گی۔ ان منصوبوں کا مقصد وزیراعظم کے وژن ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ کے تحت 6 سے 18 ماہ کے دوران 5 لاکھ 33 ہزار سے زائد دیہی آبادی کو کنیکٹیویٹی فراہم کرنا ہے۔معاہدوں پر دستخط کی تقریب یو ایس ایف ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔4 نیکسٹ جنریشن براڈبینڈ فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ منصوبوں کے لیے معاہدوں پر یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری مدثر نوید اور جاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے باضابطہ دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت محض معاہدے نہیں کر رہی بلکہ ایک ’’ڈیجیٹل نیشن‘‘ کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی برآمدات اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی شراکت داریوں میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ کنیکٹیویٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سپیکٹرم نیلامی کے آخری مراحل اور فائیو جی لانچ کی تیاریاں جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا غیر متزلزل مشن یہ ہے کہ آئی سی ٹی کے شعبے میں ہر سطح پر ترقی کو فروغ دیا جائے، آج ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر معمولی پیش رفت ہو رہی ہے، یہ منصوبے دیہی پاکستان میں دیرینہ کنیکٹیویٹی کے مسائل کے حل کی جانب ایک ٹھوس قدم ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ یو ایس ایف نے صرف گزشتہ چھ ماہ میں 20.54 ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی ہے اور اعلان کیا کہ سندھ اور بلوچستان میں مزید چھ منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے جس سے قومی سطح پر براڈبینڈ نیٹ ورک میں مزید وسعت آئے گی۔نئے منصوبوں کے تحت مین لاٹس میں پنجاب کا ضلع چنیوٹ اور خیبر پختونخوا کا ضلع ایبٹ آباد شامل ہیں جبکہ سمال لاٹس کے تحت اٹک، سرگودھا، خوشاب، بہاولنگر، فیصل آباد، شیخوپورہ اور حافظ آباد کو کور کیا جائے گا۔ان منصوبوں کے ذریعے 203 دیہی مواضعات میں تقریباً 5 لاکھ 33 ہزار افراد کو کنیکٹیویٹی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ منصوبوں پر عملدرآمد 6 سے 18 ماہ کے ریکارڈ عرصے میں مکمل کیا جائے اور اس بات پر زور دیا کہ رفتار اور شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات رہیں گی۔یو ایس ایف کی قومی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اب تک یو ایس ایف کی مجموعی سرمایہ کاری 136.7 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جن میں 95.27 ارب روپے کے 107 براڈبینڈ منصوبے شامل ہیں جن کے ذریعے 3 کروڑ 94 لاکھ افراد کو کنیکٹیویٹی فراہم کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یو ایس ایف نے 41.43 ارب روپے کی لاگت سے 19,169 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی ہے جبکہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے 2,585 کلومیٹر حصے پر تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطاب میں یو ایس ایف کے سی ای او چوہدری مدثر نوید نے کہا کہ پاکستان کی 61.6 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے، اس لیے ڈیجیٹل خلیج کو ختم کرنا ایک قومی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ اور وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ و سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کی رہنمائی میں یو ایس ایف نے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار نمایاں طور پر تیز کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاروں صوبوں میں بغیر کسی سیاسی یا علاقائی امتیاز کے اقدامات متعارف کرا رہے ہیں، ہمارا مقصد واضح ہے کہ ڈیجیٹل دور میں کسی بھی پاکستانی کو پیچھے نہ رہنے دیا جائے۔جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے حکومت کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاز کو ان چار سٹریٹجک منصوبوں کے ملنے پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری محروم کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور ٹیکنالوجی کے فوائد کو دیہی پاکستان کے دل تک پہنچانے کے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جدت اور ملک گیر کنیکٹیویٹی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل یقینی بنانے کے لیے تیزی اور درستگی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔تقریب میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی پارلیمانی سیکریٹری سبین غوری، سپیشل سیکرٹری وزارت آئی ٹی سید عمار نقوی، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم اور ایس آئی ایف سی کے بریگیڈیئر (ر) نادر حسین کے علاوہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام، یو ایس ایف، جاز اور آئی سی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔