پنجاب میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی، 3 لاکھ سے زائد شہریوں کو جرمانے

لاہور (بیورو رپورٹ )وزیر اعلی پنجاب کے وژن محفوظ پنجاب کے تحت صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ صوبہ بھر میں ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر3 لاکھ45 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کئے گئے جبکہ صرف لاہور میں49 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ موثر انفورسمنٹ کے نتیجہ میں صوبہ بھر میں ہیلمٹ کی خلاف ورزیوں میں85 فیصد کمی آئی ہے جبکہ ہیلمٹ کے استعمال سے ہیڈ انجری کے واقعات میں 82 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اسی طرح بغیر سیٹ بیلٹ گاڑی چلانے پر رواں ماہ7 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے،جس کے باعث صوبہ بھر میں سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں پر بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی پاسداری کا مقصد محض چالان کرنا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔حادثے کی صورت میں ہیلمٹ کا استعمال سر کی شدید چوٹ سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔محمد وقاص نذیر کے مطابق ٹریفک قوانین کے موثر نفاذ اور آگاہی مہمات کے باعث شاہراہوں پر نظم و ضبط میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہی ہم سب کی حفاظت کی ضامن ہے۔