اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت ضلع بھر کے ایس ایچ اوز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو پیشہ ورانہ خدمات کے فروغ، جدید تحقیقاتی طریقہ کار، امن و امان کے موثر قیام، شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات و رہنمائی فراہم کرنے کے اقدامات، سنگین جرائم و پتنگ بازی کی روک تھام، غیر قانونی اسلحہ کی ضبطی، منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے کے احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی آپریشنز شعیب مسعود، ایس ایس پیز، زونل ایس پیز اور تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور سنگین جرائم کی روک تھام، پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاو¿ن، غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی اور منشیات کے استعمال و فروخت کے سدباب کے لئے جاری اقدامات پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور موثر کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔

آئی جی اسلام آبا د نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ پیشہ ورانہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنائیں، جدید تحقیقاتی تکنیکوں کو اپنائیں اور کیسز کی تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے جدید خطوط پر استوار کریں۔ انہوں نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور فوری رہنمائی فراہم کرنے، تھانوں کے ماحول کو بہتر بنانے اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیا۔مزید برآں آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل ڈیٹا کے موثر استعمال کے ذریعے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو تیز اور مو¿ثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کی بروقت نشاندہی اور ان کے سدباب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت چوکس، متحرک اور پرعزم ہے، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی.

