اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ قرار نہیں دیا جاسکتا، فریقین بالآخر مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے. دفتر خارجہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیر مؤثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امن کا فریم ورک موجود ہے اور پاکستان پرامید ہے کہ فریقین بالآخر مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی تشویشناک ہے، تاہم پاکستان امن عمل سے مایوس نہیں ہوا، موجودہ کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنے سے سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوسکتیں۔ بھارت کو سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کرنا ہوگا اور بین الاقوامی قانون کی پابندی کے ساتھ معاہدوں کی پاسداری ہر حال میں کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں سرحد پار پانی کے انتظام میں یکطرفہ طرزعمل امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہے، پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے آبی حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق رکھتا ہے۔