اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلچوک بیرقدار اوغلو نے جمعہ کو ملاقات کی جس میں دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ تاریخی دوستانہ تعلقات اور برادرانہ روابط کا اعادہ کیا جو مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ترک چیف آف ڈیفنس فورسز نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
معزز مہمان نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ترکی کے عزم کا اظہار کیا اور تنازعات سے بچائو، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کے فروغ پر زور دیا۔وزیر دفاع نے بالخصوص مشکل اوقات میں ترک قیادت اور عوام کی مستقل حمایت اور اصولی موقف پر دلی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے، تحمل اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سلامتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کا اختتام پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا جو سٹریٹجک ہم آہنگی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاس ہے۔

