اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنوں کے تھانہ میریان کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے درجات کی بلندی، سوگواران کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اسی دوران، چیئرمین سینیٹ نے چین کے نئے سال کے موقع پر چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ نیا چینی سال خوشی، امن، ترقی اور خوشحالی لے کر آئے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ، مثالی اور آہنی تعلقات کو فخر کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے نئے سال کے موقع پر چین کے عوام کے لیے نیک تمناؤں، صحت، خوشی اور ترقی کی دعا بھی کی۔

