اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے رمضان 2026 کے دوران ملک میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ پیش کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق، مجموعی طور پر ملک بھر میں خوشگوار موسم متوقع ہے، دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی رمضان کے پہلے عشرے میں زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ خاص طور پر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں راتیں ٹھنڈی رہیں گی۔
دوسرے عشرے کے دوران موسم قدرے گرم ہو جائے گا، اور شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔
تیسرے عشرے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخر تک گرمی میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے این ڈی ایم اے عوام اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے بر وقت آگاہی فراہم کر رہا ہے تاکہ رمضان کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

