بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے رمضان میں مستحق خواتین کے وظیفے میں اضافہ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے رمضان المبارک کی آمد پر مستحق خواتین کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے ،مستحق خواتین اب 13,500 روپے کی بجائے 14,500 روپے وصول کریں گی ،بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کے وظائف میں بھی 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں لائیو ای-کچہری کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ای-کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کی آواز براہِ راست سننا، ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک تمام مسلمانوں کے لئے بابرکت، صبر اور ہمدردی کا مہینہ ہے اور اسی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر رہا ہے۔

چیئرپرسن نے اعلان کیا کہ بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد کفالت وظیفے کی رقم 13,500 روپے سے بڑھ کر 14,500روپے ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ بینظیر نشوونما پروگرام اور بینظیر تعلیمی وظائف کی رقوم میں بھی 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کی غذائیت اور تعلیم کے حوالے سے مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی پوری رقم گن کر وصول کریں اور کسی بھی قسم کی کٹوتی کو ہرگز قبول نہ کریں کیونکہ یہ رقم ان کا جائز حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی مرحلے پر ناانصافی یا کٹوتی کی کوشش کی گئی تو بی آئی ایس پی کی جانب سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مستحق خواتین کو تلقین کی کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طرح بہادر اور نڈر بنیں، اپنے حق کے لئے آواز بلند کریں اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بی بی شہید کے ایصالِ ثواب کیلئے خصوصی دعائیں بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ مستحقین کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 080026477 پر کال کریں یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیجیٹل والٹس کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن خواتین نے ابھی تک ڈیجیٹل والٹ کیلئے مفت سم حاصل نہیں کی وہ فوری طور پر قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں اور اپنی سم کی حفاظت کو یقینی بنائیں کیونکہ یہی ان کا ڈیجیٹل بٹوہ ہے۔ایک گھنٹے پر مشتمل لائیو ای-کچہری سیشن کے دوران ملک بھر سے 31 کالرز نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سے براہِ راست رابطہ کیا اور اپنے مسائل پیش کئے۔

موصول ہونے والی شکایات میں بیشتر مسائل ری سروے، بائیومیٹرک تصدیق، پروگرام میں اندراج اور وظائف کی وصولی سے متعلق تھے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے تمام شکایات کو بغور سنا اور متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام شکایات کو مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے گا۔