نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی نیویارک میں برطانیہ اور اردن کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں، فلسطینی عوام کے حقوق پر تعاون کا اعادہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح اجلاس کے موقع پر برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر اور اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن صفادی سے علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق، اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کی وزیر خارجہ کا اجلاس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اسی طرح اردن کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، پاک-اردن مشترکہ وزارتی کمیشن کے مثبت اقدامات کو سراہا گیا اور اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے خطے اور عالمی صورتحال، خاص طور پر غزہ اور مغربی کنارے کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے اپنے مضبوط تعاون کا اعادہ کیا۔