وفاقی وزیر داخلہ نمحسن نقوی نے اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے جدید ڈپو ، چارجنگ سینٹر کا افتتاح کر دیا ، سروس کو روات تک توسیع دینے کا اعلان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد بس سروس کو روا ت تک توسیع دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بسوں میں سفر کرنےوالے مسافروں کی یومیہ تعداد ایک لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ تک لے جانے کا بڑا ہدف رکھا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے الیکٹرک بسوں کے جدید ڈپو اور چارجنگ سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے الیکٹرک بس میں سفر کر کے سفری سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈپو میں 64 چارجرز لگانے کی گنجائش ہے، جن میں سے 50 نصب ہو چکے ہیں اور بقیہ 14 جلد لگا دیے جائیں گے۔ ایک چارجر محض دو گھنٹے میں دو بسیں چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسلام آباد کے 21 مختلف روٹس پر الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں اور اس پورے سسٹم کو گوگل کے ساتھ انٹیگریٹ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو آسانی ہو۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے 1 لاکھ 25 ہزار شہری روزانہ ان بسوں میں سفر کر رہے ہیں، جسے جلد 2 لاکھ 50 ہزار یومیہ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ الیکٹرک بس سروس کو اب راوت تک توسیع دی جا رہی ہے اور طلبا و طالبات کے روٹس کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ ایچ آئی ٹی پاکستان میں ہی الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری شروع کرنے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ریلوے سروس کو بحال کیا جا رہا ہے۔ میٹرو کے ساتھ الیکٹرک بس سروس ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو رہی ہے۔تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ محسن نقوی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔