راولپنڈی (کرائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کاسپیشل ون ویلنگ سکواڈ 24گھنٹے شاہراہوں پر متحرک۔ون ویلنگ و ریسنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی پکٹس قائم۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آٖفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے احکامات پررمضان المبارک میں ون ویلنگ، ریسنگ و کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کاروائی کیلئے سپیشل سکواڈ24گھنٹے متحرک ہے جبکہ اہم شاہراہوں پر خصوصی چیکنگ پکٹس بھی قائم کی گئی ہیں .
جہاں ون ویلر و کم عمر ڈرائیورز کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کے پیش نظر کم عمر ڈرائیونگ پر موٹر سائیکل و گاڑی وغیرہ کو تھانہ میں بندکروایا جائے گا جبکہ ون ویلنگ کے مرتکب افراد کیخلاف باقاعدہ ایف آئی آردرج کروائی جائیگی۔اس دوران ون ویلنگ کیلئے آلٹریشن کرنیوالے مکینکس کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی جاری ہے اور ملوث پائے جانے پر مکینکس کیخلاف بھی قانونی کاروائی کی جائے گی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع راولپنڈی میں ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کا خاتمہ شہریوں اور خصوصاً والدین کے تعاون سے ممکن ہے۔ والدین کم عمر ڈرائیورز اور ون ویلنگ کی حوصلہ شکنی کیلئے مثبت کردار ادا کریں اور اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل دینے سے گریز کریں۔ انسداد ون ویلنگ کیلئے شہری اسکی فوری اطلاع ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن نمبر پر دیں۔

