اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی اہم اتحادی جماعت ہے اور مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے مخلوط حکومت کے اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط روابط جمہوری نظام کو مستحکم بنائیں گے اور عوامی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔

