اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں کم آمدنی والے طبقے کیلئے رہائش کی فراہمی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کیلئے سستے گھروں کی فراہمی، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں فراہم کرنے کیلئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے میں ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جا رہی ہیں جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کے درمیان ٹیکس اسٹینڈرڈائزیشن پر مشاورت جاری ہے، شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ہاؤس مورٹگیج سے متعلق اصلاحات کے مسودے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدنی والوں کیلئے گھروں کی تعمیر کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ سیکٹر کو ریگولیٹ کرنے کیلئے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہاؤس فنانس کے فروغ کیلئے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر وزارت خزانہ، ایف بی آر،، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور صوبے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں،اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ , احسن اقبال , محمد اورنگزیب , ریاض پیرزادہ , شزا فاطمہ خواجہ , رانا ثناء اللہ , بلال اظہر کیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

