پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کامیاب، ڈیجیٹل ترقی میں بڑا سنگِ میل حاصل

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان نے فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک اہم سنگِ میل حاصل کر لیا، جسے عالمی تنظیم جی ایس ایم ایسوسی ایشن (GSMA) نے اپنی رپورٹ میں سراہا ہے ، رپورٹ کے مطابق وزارت آئی ٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی حکمت عملی کو نمایاں قرار دیا گیا ہے، اور پاکستان نے ترقی کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں آخری نمبر سے آٹھویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ جاپان، چین اور آسٹریلیا بالترتیب پہلے تین نمبروں پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان نے بھارت سمیت کئی ممالک پر سبقت حاصل کی ہے۔

نیلامی کے دوران تین موبائل آپریٹرز نے 480 میگاہرٹز سپیکٹرم 142 ارب روپے میں حاصل کیا، جس کے بعد پاکستان کا مجموعی سپیکٹرم 2.8 گنا بڑھ کر 750 میگاہرٹز ہو گیا۔ جی ایس ایم اے کے مطابق مناسب ریزرو قیمتوں اور مختلف بینڈز میں دستیابی نے اس نیلامی کو کامیاب بنایا ، ذرائع کے مطابق اگلا مرحلہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کیا جائے گا، جہاں ابتدائی طور پر فائیو جی ٹرائل کیا جائے گا اور آئندہ 6 ماہ میں سپیکٹرم کا عمل مکمل ہونے کی توقع ہے۔

فائیو جی انفراسٹرکچر میں بھی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جاز نے 177 اور زونگ نے 150 فائیو جی سائٹس فعال کر دی ہیں، جبکہ اسلام آباد کے اہم علاقوں بشمول ریڈ زون اور بلیو ایریا میں بھی سروسز فعال کی جا چکی ہیں رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس وقت 103 برانڈز کی 2254 ڈیوائسز فائیو جی نیٹ ورک کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں، تاہم آئی فون اور سام سنگ کی جانب سے تاحال مکمل اپڈیٹس فراہم نہیں کی گئیں ، جی ایس ایم اے نے فائیو جی کے آغاز میں درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا، تاہم ٹیلی کام اصلاحات اور طویل مدتی پالیسیوں کو ڈیجیٹل ترقی کیلئے اہم قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق سستی موبائل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ سروسز عوام کیلئے نئے معاشی اور سماجی مواقع پیدا کریں گی۔