راولپنٍڈی(سٹی رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے ہائی کورٹ روڈ (بوستان خان روڈ) راولپنڈی پر تجاوزات کے خلاف بھرپور اور مؤثر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی شیڈز اور سڑک کے کنارے قائم پلیٹ فارمز کو مسمار کر دیا گیا جبکہ تمام تجاوزات ختم کر کے سڑک کی حالت بحال کی گئی تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعدد غیر قانونی کمرشل املاک کو بھی سیل کر دیا گیا۔

انفورسمنٹ سکواڈ نے فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر دکانداروں کو عوامی مقامات کے تحفظ، منظور شدہ نقشہ جات اور بلڈنگ قوانین کی سختی سے پابندی کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف تجاوزات کا خاتمہ تھا بلکہ پیدل چلنے والوں کیلئے سہولت، ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور صاف ستھرے و منظم شہری ماحول کا فروغ بھی تھا۔ آر ڈی اے نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ خلاف ورزی دہرانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری، ٹریفک مسائل میں کمی اور راولپنڈی کے مجموعی حسن کو بہتر بنانے کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کی اطلاع فوری طور پر آر ڈی اے ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ آر ڈی اے نے شہری نظم و ضبط برقرار رکھنے اور غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی غیر مجاز تعمیر سے اجتناب کریں۔ یہ آپریشن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے مسعود احمد بخاری کی نگرانی میں کیا گیا۔ جبکہ ڈائریکٹر لینڈ و انچارج انفورسمنٹ غضنفر علی اعوان، بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک، عاصم نواز کھوکھر اور آر ڈی اے انفورسمنٹ عملے نے بھی بھرپور آپریشن کیا۔

