این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں موسمی الرٹ جاری کر دیا: کئی علاقوں میں شدید بارش، طوفان اور برفباری کا امکان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں ممکنہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، این ای او سی کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان میں مزید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی شدید بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کا امکان ہے، اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں بشمول مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گوجر خان، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، ناروال، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، بورے والا، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور میں بھی گرج چمک، طوفانی ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، بارکھان، سبی، نوشکی، خضدار، آواران، واشک، پنجگور، تربت، گوادر اور لسبیلہ میں بھی طوفانی ہواؤں اور بارش کا امکان ہے ،این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں، آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، عوام موسمی اپ ڈیٹس کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے بروقت معلومات حاصل کریں۔