اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)گوادر پورٹ پر ایک اور کارگو جہاز کی آمد سے تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق ایم وی ریوا گلوری 14,629 میٹرک ٹن کارگو لے کر گوادر پورٹ پہنچا ہے، جو بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا ہے اور کارگو جہازوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیاں نہ صرف اس کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ اسے خطے میں ایک اہم تجارتی مرکز بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ حکومت بندرگاہی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں اور شپنگ کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر پورٹ کو عالمی معیار کا میرین گیٹ وے بنایا جائے گا اور اسے خطے میں ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ تجارت کا اہم مرکز بنایا جائے گا۔

