پی ایم اے کاکول میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، نمایاں کیڈٹس میں اعزازات تقسیم

ایبٹ آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 153ویں پی ایم اے لانگ کورس، 38ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 72ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15ویں مجاہد کورس اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، پاکستان ملٹری اکیڈمی سے پاس آئوٹ ہونیوالوں میں عراق، مالدیپ، مالی، نیپال، فلسطین، قطر اور سری لنکا سمیت متعدد دوست ممالک کے کیڈٹس بھی شامل تھے،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے.

پاک فضائیہ کے سربراہ نے پریڈ کا جائزہ لیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا، 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر بلال نسیم کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر محمد سعد موسیٰ کو صدارتی گولڈ میڈل اور 153ویں پی ایم اے لانگ کورس کے نیپال سے تعلق رکھنے والے دوست ملک کے سینئر انڈر آفیسر پوبن کنور کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا.

153 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے جنٹلمین کیڈٹ مسعود الرحمان کو مارکس مین میڈل دیا گیا، چیف آف آرمی سٹاف اعزازی چھڑی 38ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے انڈر آفیسر حیدر بن عابد نے حاصل کی، جبکہ 15ویں مجاہد کورس میں چیف آف آرمی سٹاف چھڑی سارجنٹ پیر محمد عبداللہ شاہ کو دی گیئی، کمانڈنٹ کینز 72ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی بن وقار اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی انڈر آفیسر والیہ زیب کو دی گئی.