اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جنگ بند کروانے ا ور کامیاب سفارتکاری پر ریاست پاکستان کو مبارکباد، اب پٹرول کی پرانی قیمتیں بحال کی جائیں۔ -اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سب سے زیادہ پٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والے خطہ کے دو برادر اسلامی ملک پاکستان کی سفارت کاری اور خصوصی تعاون پر بہت خوش ہیں۔ اس خوشی کے ثمرات سے تاحال پاکستان کے کروڑوں کم آمدنی والے شہری محروم کیوں ہیں؟ کامیاب سفارت کاری کے نعروں کی گونج سے غریب پاکستانیوں کے پیٹ نہیں بھر سکتے، اب بند راستے بھی کھل گئے، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ پاکستان میں پرانی قیمتیں فوراً بحال ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ عام آدمی بمشکل جسم اور جان کا رشتہ قائم رکھے ہوئے ہے۔ عالمی سطح پر بحران اتنا بڑا نہیں تھا جتنا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ یوں لگتا ہے فوری مہنگائی کرنے کا کوئی جواز ڈھونڈا گیا؟۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں کو 250روپے فی لیٹر پر فوری بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف پٹرول مہنگا نہیں ہے بلکہ بجلی اور گیس بھی غائب ہے۔ حکومت 25کروڑ عوام کی بنیادی ضروریات کو سنجیدگی سے لے۔

