ایف آئی اے کا ملک بھر میں متعدد اسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) نے ملک بھر سے اہل امیدواروں کے لیے مختلف اسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے تحت جاری کیا گیا، جس میں نوجوانوں کو قانون نافذ کرنے والے اہم ادارے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے جاری اشتہار کے مطابق اسامیوں میں اسسٹنٹ، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، اسٹینو ٹائپسٹ، اپر ڈویژن کلرک (UDC)، لوئر ڈویژن کلرک (LDC)، کانسٹیبل، ڈرائیور اور اسٹاف کار ڈرائیور شامل ہیں۔ ان آسامیوں کے لیے تعلیمی قابلیت میٹرک سے لے کر بیچلرز ڈگری تک مقرر کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کی عمر کی حد زیادہ تر 18 سے 25 سال رکھی گئی ہے، جس میں سرکاری قواعد کے مطابق رعایت بھی دی جائے گی۔

حکام کے مطابق بعض آسامیوں کے لیے جسمانی معیار بھی لازم قرار دیا گیا ہے، جن میں قد، سینہ اور جسمانی فٹنس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امیدواروں کو تحریری امتحان، جسمانی ٹیسٹ اور انٹرویو کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔
درخواست دینے کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (NPF) کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کروائیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 4 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ بھرتیاں شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی اور کامیاب امیدواروں کو ملک کے مختلف شہروں میں تعینات کیا جا سکتا ہے ماہرین کے مطابق یہ اعلان بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے، جس کے ذریعے وہ ملک کی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے مستقبل کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔