ہارٹی کلچر ایجنسی راولپنڈی کی شہر کو سرسبز و خوبصورت بنانے کی کوششیں تیز، نرسریوں کی دیکھ بھال جاری

راولپنڈی(سٹی رپورٹر ) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر کی نرسریوں میں پودوں اور پھولوں کی دیکھ بھال کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے،
ادارے کے ماہر مالی اور ہارٹیکلچر اسٹاف جدید طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پودوں کی صحت، نشوونما اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہیں،نرسریوں میں موسمی پھولوں، سجاوٹی پودوں اور سایہ دار درختوں کی افزائش پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پودوں کو بروقت پانی کی فراہمی، کھاد ڈالنے، کانٹ چھانٹ اور بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ شہر کے پارکس، گرین بیلٹس اور شاہراہوں کو مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔

احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے نرسریوں میں معیاری پودوں کی تیاری کا عمل مسلسل جاری رکھا گیا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو سکے آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پودوں اور درختوں کی حفاظت میں ادارے کے ساتھ تعاون کریں اور سرسبز ماحول کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں.