اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے آج اسلام آباد میں گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ (GGGI) کی نیپال و پاکستان کے لیے کنٹری نمائندہ محترمہ لورا یالوسیوکی سے ملاقات کی ، لورا نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جی جی جی آئی پاکستان کو اپنے معاشی اہداف کے حصول کے لیے اسٹریٹجک منصوبہ بندی، ادارہ جاتی استعداد اور موسمیاتی فنانسنگ کے حصول کے لیے مؤثر ڈھانچے کی تشکیل میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی جی جی آئی مختلف ممالک کو پائیدار ترقی اور موسمیاتی لچک کے اہداف میں ہم آہنگی پیدا کرنے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔

دونوں جانب سے جی جی جی آئی کے تحت پاکستان کنٹری پروگرام 2024 تا 2028 اور آئندہ تعاون کے مختلف شعبوں و ممکنہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان شعبوں میں موسمیاتی فنانس کے لیے نجی شعبے کی شمولیت، زرعی ویلیو چینز کو مضبوط بنانا، مصنوعی ذہانت پر مبنی مانیٹرنگ، رپورٹنگ اینڈ ویریفیکیشن (MRV) نظام کے ذریعے توانائی کی بچت، زرعی سرمایہ کاری و مارکیٹ ڈیولپمنٹ، اور اسٹارٹ اپس کے ذریعے جدت کو فروغ دینا شامل ہیں۔
علاقے میں گلوبل کلین ہائیڈروجن پروگرام پر بھی گفتگو ہوئی، جو اس وقت پاکستان میں زیرِ غور ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان کو نیٹ زیرو اہداف کی جانب پیش رفت میں معاونت فراہم کرنا، ہائیڈروجن سے متعلق استعداد کار پیدا کرنا اور ادارہ جاتی تیاری کو بہتر بنانا ہے۔ یہ پروگرام اس وقت دنیا کے نو ممالک میں فعال ہے اور اندازاً 2.3 ملین میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کا عالمی اثر رکھتا ہے ، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے ساتھ جی جی جی آئی کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر پالیسی، حکمتِ عملی اور ترقیاتی منصوبہ پاکستان کے زمینی حقائق، قومی ترجیحات اور مقامی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے حل اختیار کیے جائیں جو عملی اور قومی ترقیاتی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں.

