پاکستانی سی فیررز ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر خدمات انجام دے سکیں گے . وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوھدری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان اور ناروے کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت پاکستانی سی فیررز کو ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر خدمات انجام دینے کا موقع حاصل ہوگا وفاقی وزیر بحری امور نے اس معاہدے کو پاکستان کی بحری افرادی قوت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان بحری شعبے میں تعاون بھی مزید مضبوط ہوگا یہ مفاہمتی یادداشت ناروے میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی اور ڈریکٹر جنرل شپنگ اینڈ نیویگیشن، آلف تورے سورہائم کے درمیان طے پائی، جس کے تحت پاکستانی سی فیررز کی تربیت اور اسناد کو باہمی طور پر تسلیم کیا جائے گا۔ اس پیش رفت سے پاکستانی عملے کو ناروے کے رجسٹرڈ جہازوں پر ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوھدری نے کہا کہ یہ معاہدہ ہمارے سی فیررز کے لیے نئی راہیں کھولے گا، جس سے وہ نہ صرف بین الاقوامی جہازوں پر ملازمت حاصل کر سکیں گے بلکہ جدید بحری طریقہ کار کا عملی تجربہ بھی حاصل کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ بحری شعبے میں بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے ذریعے پاکستانی پیشہ ورانہ اسناد کو ناروے کے تسلیم شدہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا، جس سے عالمی سطح پر روزگار کے امکانات میں اضافہ ہوگا وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے اپنے سی فیرنگ کمیونٹی کے لیے مواقع بڑھانے کا خواہاں رہا ہے، جو ملک کے لیے قیمتی زرِ مبادلہ کا ذریعہ ہے۔ ناروے کے جہازوں تک رسائی سے پاکستانی سی فیررز کو بہتر آمدن اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع حاصل ہوں گے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بحری تربیتی اداروں کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور عالمی کنونشنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی شپنگ انڈسٹری میں مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے