اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے نے زمینی حقائق جاننے اور ریلوے نظام کی عملی صورتحال کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کے لیے ایک منفرد انداز اپناتے ہوئے گولڑہ اسٹیشن سے راولپنڈی اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کا ٹریک ٹرالی کے ذریعے معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر کہا کہ زمینی حقائق کو سمجھنے کے لیے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہیں، اور ریلوے نظام کی بہتری کے لیے عملی مشاہدہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریک کی حالت، آپریشنل امور اور انسپیکشن کے موجودہ طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے انہوں نے خود ٹریک ٹرالی میں سفر کیا معائنے کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) راولپنڈی نے بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ شرکت کی اور مختلف تکنیکی و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر ریلوے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجودگی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور زمینی سطح پر نگرانی کے نظام کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریک مینٹیننس، آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں نمایاں بہتری یقینی بنائی جائے راولپنڈی اسٹیشن پر مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت اور مسرت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر ریلوےکے اس عملی اور متحرک طرزِ قیادت کو ریلوے میں فیلڈ مانیٹرنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں دفتری امور کے ساتھ ساتھ زمینی نگرانی کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے ٹریک ٹرالی میں وفاقی وزیر کے اس دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس پر صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

