اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان کے بحری شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ٹرمینل پر پہلی بار مکمل ٹرانس شپمنٹ کارگو ویسل ایم وی ارلن کی کامیاب برتھنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق ماضی میں کراچی پورٹ پر صرف کنٹینر ٹرانس شپمنٹ کی سہولت موجود تھی، تاہم اب ایک تاریخی کامیابی کے تحت ایم وی ارلن کو جنرل کارگو، بریک بلک اور گاڑیوں کی ٹرانس شپمنٹ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے انہوں نے اس پیش رفت کو “کوانٹم لیپ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی حالیہ بحری اصلاحات کا نتیجہ ہے، جن کے باعث کارکردگی میں بہتری، تجارتی مسابقت میں اضافہ اور کاروباری مواقع کو فروغ حاصل ہوا ہے۔
محمد جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں اب ٹرانس شپمنٹ اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے تمام اقسام کے کارگو بشمول بریک بلک آپریشنز کو سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، جس سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی خطے میں ایک نمایاں میری ٹائم حب کے طور پر حیثیت کو مزید مستحکم کرتی ہے، جو عالمی تجارتی راستوں کو جوڑنے اور ترقی میں شراکت کے نئے دروازے کھولے گی

