رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف سی ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، غیر رجسٹرڈ گیسٹ ہاؤس سیل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جی نائن فور کے رہائشی علاقے میں ایک غیر رجسٹرڈ گیسٹ ہاؤس کو سیل کر دیا گیا، جسے رہائشی گھر کو غیر قانونی طور پر گیسٹ ہاؤس میں تبدیل کر کے چلایا جا رہا تھا، سی ڈی اے کے مطابق یہ اقدام قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے تحت کیا گیا۔

سی ڈی اے نے بتایا کہ متعلقہ انتظامیہ کو متعدد نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاہم کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ مزید یہ کہ سماعت کا موقع دینے کے باوجود بھی خلاف ورزی برقرار رہی ، اتھارٹی کے مطابق رہائشی زون میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ سی ڈی اے نے واضح کیا کہ شہر بھر میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔