اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارتِ صحت اور نادرا کے درمیان وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے دستخط کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور نادرا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے شرکت کی معاہدے کے تحت نادرا وزارتِ صحت کے ساتھ مل کر ایک مربوط ڈیجیٹل ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم قائم کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے مریضوں کی رجسٹریشن، تصدیق، ٹریکنگ اور ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام ایک قومی فلیگ شپ اقدام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ ہے اور ملک اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ بروقت تشخیص ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں مصطفیٰ کمال کے مطابق پروگرام کے تحت بروقت اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پروگرام کا ابتدائی آغاز آئندہ ہفتے اسلام آباد سے کیا جائے گا۔

