اسلام آباد میں شجرکاری مہم، ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں گرین اینڈ کلین اسلام آباد کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے آج اسلام آباد کے ہِل ویو پارک، F-6/3 میں کوکا کولا کے زیر اہتمام ایک شجرکاری مہم میں شرکت کی، جو وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (پاک-ای پی اے) اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے اشتراک سے منعقد کی گئی یہ شجرکاری سرگرمی وزارت کی وسیع تر شجرکاری مہم کا حصہ تھی جس کا مقصد دارالحکومت میں سبزہ بڑھانا اور شہری ماحول کو بہتر بنانا ہے تقریب کے دوران “کلین اینڈ گرین اسلام آباد” کے موضوع پر ایک پینٹنگ مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔ طلبہ نے اپنی پینٹنگز پیش کرنے کے بعد پارک میں شجرکاری سرگرمی میں بھی حصہ لیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے شجرکاری مہم کے دوران ایک پودا لگایا اور طلبہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچے ایسی تخلیقی سوچ رکھتے ہیں جسے معاشرہ اکثر نظر انداز کر دیتا ہے، اور اس تخلیقی صلاحیت کو پروان چڑھانا اور محفوظ کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ وزارت نے اسلام آباد میں ہر الرجی پیدا کرنے والے پاپولر درخت کے بدلے تین درخت لگانے کا عہد کیا ہے اور جاری مہم اسی وعدے کی تکمیل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کوکا کولا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی شراکت داری دیگر کارپوریٹ اداروں کو بھی سماجی اور ماحولیاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی ترغیب دے گی۔ اس سے قبل زونگ اور ہم ٹی وی کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی شجرکاری مہمات ہو چکی ہیں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ کوکا کولا نے 5,000 پودے فراہم کیے ہیں اور اب ان کی حفاظت اور نشوونما یقینی بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے معاشرے کو جواب دہ بنائیں گے اور میڈیا بھی وزارت اور وزیر کو ان درختوں کے حوالے سے جواب دہ بنائے گا۔

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلابوں اور قدرتی آفات نے پاکستان میں شدید تباہی مچائی، جس میں 6 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے اور بے شمار بچے تعلیم سے محروم ہو گئے انہوں نے کہا کہ معاشرے پر فرض ہے کہ وہ ایسے بچوں کے مستقبل کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ موسمیاتی آفات سے بچاؤ یا بہتر تیاری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اور جنگلات قدرتی صنعت کی طرح ہیں جو کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے آکسیجن پیدا کرتے ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی کاربن ڈائی آکسائیڈ درجہ حرارت میں اضافے، گلیشیئر پگھلنے اور سیلابی صورتحال کا سبب بنتی ہے۔کوکا کولا کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے کہا کہ کمپنی پائیدار عوامی مقامات کے فروغ کے لیے شراکت داریوں کے لیے پرعزم ہے اور وزارت کے تعاون کو سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی اگلے 12 ماہ تک لگائے گئے پودوں کی نگرانی جاری رکھے گی تقریب میں سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی، ڈائریکٹر جنرل پاک-ای پی اے، انسپکٹر جنرل فارسٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔