ایم ایل ون منصوبے کیلئے قرضہ تاحال فائنل نہ ہو سکا، سینیٹ کمیٹی میں تشویش

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس چیئرمین شہادت عوان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایم ایل ون منصوبے سے متعلق امور زیر بحث آئے، اجلاس کے دوران ریلوے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ رواں سال ہی منصوبے کیلئے قرضے کی منظوری حاصل کر لی جائے۔

اس پر چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ کیا پہلے فنڈنگ ہوگی اور پھر منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت پرانا منصوبہ ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قرضہ ابھی تک فائنل نہیں ہو سکا، چیئرمین کمیٹی نے مزید سوال کیا کہ قرضے کو حتمی شکل دینے میں مزید کتنے مہینے لگیں گے؟

سیکرٹری ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ کوشش ہے کہ دسمبر سے پہلے قرضے پر دستخط بھی ہو جائیں اور منصوبے پر عملی کام بھی شروع کر دیا جائے، اجلاس کے دوران سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ پہلے پرانی ریلوے پٹریوں کو ہی بہتر بنایا جائے، انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے بارے میں تو یہ بھی معلوم نہیں کہ ہماری زندگی میں اس پر عملدرآمد ہو سکے گا یا نہیں۔

ناصر بٹ نے مزید کہا کہ ایشین بینک کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بھی کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں۔