اسلام آباد (کرائم رپورٹر )چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کا مختلف ناکہ جات کا دورہ، ڈیوٹی امور اور سہولیات کا جائزہ لیا ناکہ جات کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو معیار مزید بہتر بنانے اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف ناکہ جات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی، ڈیوٹی امور، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے،سی ٹی او اسلام آباد نے مختلف ناکہ جات پر جاری تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ بھی کیا، انہوں نے ناکہ جات پر سائن بورڈز، روشنی کے انتظامات اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا .

انہوں نے ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و تحمل اور پیشہ وارانہ رویہ اپنایا جائے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا اولین مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انکو درپیش مسائل کو بروقت حل کرنا ہے،سی ٹی او محمد سرفراز ورک نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ناکہ جات کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور انتظامی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے جبکہ جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، انہوں نے مزید کہاکہ تمام ناکہ جات پر جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے.

